منگلورو30/دسمبر (ایس او نیوز) منگلورو میں احتجاجی مظاہرا تشدد میں بدلنے کے بعد سوشیل میڈیا پر جذبات بھڑکانے والے پیغامات پوسٹ کرنے کے الزام میں منگلورو پولیس نے کئی افراد اور ایڈمنس پر فوجداری مقدمات درج کیے ہیں اور متعلقہ لوگوں کو تحقیقات کے لئے شخصی طورپرحاضر ہونے کی نوٹس جاری کردی ہے۔
سٹی پولیس کمشنر ڈاکٹر پی ایس ہرشا کے مطابق تشدد کے بعد سوشیل ویب سائٹس پر اشتعال انگیز خبروں کی بھر مار کو پولیس نے سنجیدگی سے لیا اور سائبر کرائم پولیس کو تفتیش کے احکامات دئے ۔ تحقیقات کے دوران سوشیل میڈیا پر اشتعال انگیز مہم چلانے والے کچھ لوگوں کی نشاندہی ہوگئی ہے اور انہیں ذاتی طور پر پوچھ تاچھ کے لئے حاضر ہونے کی نوٹس جاری کردی گئی ہے۔بہت سارے معاملات میں بعض گروپ ایڈمنس کو بھی نہ صرف پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیا ہے بلکہ ان کے خلاف کیس بھی درج کرلیے گئے ہیں۔جب تک سائبر کرائم پولیس اپنی تحقیقات مکمل کرے گی تب تک مزید کئی افراد اس کی زد میں آنے کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں۔
سٹی پولیس کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اشتعال انگیز موادسوشیل ویب سائٹس پر نہ پھیلائیں کیونکہ اس کے اثرات بہت دیر پاہو سکتے ہیں۔